کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کو مکمل انتظامی خودمختاری دینے کی حمایت کرتے ہوئے پولیس کوبجٹ کی فراہمی، جدید آلات اور خصوصی تربیت کے ذریعے پولیس کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے احتساب اور دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے عوام کے اعتماد کی بحالی پر زور دیا۔ جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاوس میں سابق آئی جیز کی تنظیم اے ایف آئی جی پی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کے اندرونی تنازعات سے بچنے کےلیے انتظامی خود مختاری پر زور دیا۔ وفد کی قیادت تنظیم کے سربراہ افضل شگری کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ میں اضافے، جدید آلات کی فراہمی اور خصوصی ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے پولیس کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے احتساب اور دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے عوام کے اعتماد کی بحالی پر زور دیا، پولیس کے اندرونی تنازعات سے بچنے کےلیے انتظامی خود مختاری پر زور دیا۔ دریں اثناء کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے گورنرز سلیم حیدر اور فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، سعید غنی اور جام اکرام اللّٰہ دھاریجو شریک تھے۔ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات کے دوران پنجاب اور خیبر پختون خوا میں پیپلز پارٹی کی مضبوطی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم ِشہادت سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ اور دونوں گورنرز نے ملکی سیاسی اور معاشی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔