• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: بینظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی پر دعائیہ تقریب

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی کے موقع پر بیلجیئم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپن میں ایک دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک محمد اجمل نے کیا، جس میں نیدرلینڈز اور جرمنی سے بھی پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نےکہا کہ جہاں پیپلز پارٹی کے لیڈروں نے ملک کا پہلا باقاعدہ آئین دیا، اس کے تحفظ کے لیے ایٹمی پروگرام شروع کیا وہیں انہوں نے غریبوں کے حقوق کی جنگ بھی لڑی، پیپلز پارٹی نے ملک کے غریب طبقات کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کیں اور سندھ میں اعلیٰ سطح کے ادارے بنائے۔

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

مقررین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی تربیت سیاسی انداز میں ہوئی ہے، وہ کسی کو گالی نہیں دیتے اور نہ کسی کی توہین کرتے ہیں، اسی لیے عوام کے لیے جان قربان کرنے والے شہیدوں کی قبریں آج بھی زندہ ہیں۔ 

اپنے خطاب میں تقریب کے میزبان ملک اجمل نے کہا کہ سیاسی پارٹی سیاسی ورکرز کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے، اسی لیے ہم مرتے دم تک پیپلز پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے کام کرنے کی پاداش میں ہر پارٹی اور بہت سے دیگر طبقات نے پیپلز پارٹی پر الزامات لگائے، کبھی کافر کہا گیا اور کبھی غنڈہ، اسی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف عورت ہونے کی بناء پر بھی فتوے جاری کیے گئے لیکن انہوں نے صبر کے ساتھ سب کچھ برداشت کرتے ہوئے اپنے مخالفوں کا سیاسی مقابلہ کیا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اپنی گفتگو میں محترمہ کی کشمیریوں کے لیے قربانیوں کو یاد کیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم تھیں جنہوں نے 1984ء میں کاسابلانکا میں منعقد ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے دوران کشمیریوں کو پہلی مرتبہ مبصر کا درجہ دلوایا، جس کے باعث ان کی آواز عالمی پلیٹ فارمز پر سنی جانے لگی۔

قبل ازیں حافظ فہیم کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید سمیت دیگر شہداء کے لیے دعائے فاتحہ کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں ملک محمد اجمل، حاجی وسیم اختر، چوہدری کرامت، طاہر کیانی، افتخار احمد، زبیر اعوان اور شیراز بٹ نے بے نظیر بھٹو شہید کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

امان مسعود کھوکھر پیپلز یوتھ بیلجیئم کے صدر مقرر 

اس تقریب کے دوران امان مسعود کھوکھر کو پیپلز یوتھ بیلجیئم کا نیا صدر نامزد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان نہیں جانتا کہ پیپلز پارٹی نے ان کے لیے کیا کیا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس مشن کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید