کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلفٹن میں مبینہ طور پر نشہ میں دھت ٹریفک پولیس آفیسر نے اپنی گاڑی سے ٹکر مار کرایک شخص کو ہلاک کردیا، تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانہ کی حدود کلفٹن انڈر پاس کے قریب تیز رفتار کار نمبر BF-7810کی ٹکر سے ایوب سیڈار ولد محبوب جاں بحق ہوگیا،حادثہ کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے مبینہ طور پر حادثہ کے ذمہ دار ٹریفک پولیس انسپکٹر شاہد آنگورو کی ویڈیو بنائی جس میں وہ ٹریفک پولیس وردی میں ملبوس دیکھائی دے رہے ہیں جبکہ لوگوں کا دعویٰ تھا کہ وہ نشہ میں دھت ہیں ،پولیس نے موقع پرپہنچ کر پولیس انسپکٹر کو حراست میں لیکر تھانہ منتقل کیا اور اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ،ایس ایچ او تھانہ کلفٹن عرفان مئیو کے مطابق ٹریفک پولیس انسپکٹر شاہد آنگورو بطور سیکشن آفیسر مومن آباد تعینات تھے،ایس ایچ او نے بتایا ہے کہ پولیس نے حادثہ کے ذمہ ٹریفک پولیس انسپکٹر کا دوران ڈرائیونگ نشہ میں ہونے کی تصدیق کے لئے میڈیکل کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔