کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات ہمارے لیے سرمایہ ہیں، سٹی وارڈنز اور فائر بریگیڈ کے شہداء جنہوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وہ ہمارا فخر ہیں، ان شہداء کو تمغہ کراچی کے پیش کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہون ے نے اتوار کے روز کراچی کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات میں شہری اعزاز تمغہ کراچی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، میونسپل کمشنر افضل زیدی، منتخب نمائندے اور کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان اور افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آج کی تقریب کا ہیرو میں نہیں وہ ہیں جنہوں نے قربانیاں دیں، تقریب میں موجود شہیدوں کے گھروالوں کی آنکھوں میں نمی دیکھ کر میری آنکھوں میں بھی نمی آگئی، کراچی کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ سٹی کونسل کے اراکین نے کیا اور آج بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے پہلی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، او ریہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر سال پانچ جنوری کو یہ تقریب منعقد کی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ ہم شہر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ کراچی کی تہذیبی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔