اسلام آباد (فاروق اقدس) وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ تعلیمی کانفرنس جو 11-12جنوری کو اسلام آباد میں ہو رہی ہے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، کانفرنس کا موضوع ’’مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘‘ ہے اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کررہی ہے۔ کانفرنس کے منتظمین کے مطابق کانفرنس میں 44مسلم اور دوست ممالک کے وزراء، سفیروں، اسکالرز اور ماہرین تعلیم، یونیسکو، یونیسیف اور ورلڈ بینک سمیت بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سمیت 150سے زائد بین الاقوامی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی خصوصی طور پر شرکت کر رہی ہیں جو مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اظہار خیال بھی کریں گی کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہوگا، جس میں تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے، جامع اور پائیدار تعلیمی اصلاحات کیلئے راہ ہموار کرنے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے مسلم کمیونٹی کے مشترکہ عزم کا خاکہ پیش کیا جائیگا۔