کراچی ( اسٹاف رپورٹر)خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے اس سفر کا حصہ بننے پر مجھے فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گلوبل ہب گرلز کیڈٹ کالج ملیر میں شہید بینظیر بھٹو بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو کیڈٹ کالج خواتین کیڈٹس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب میں سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ اور سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی موجودتھیں۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے لئے تعلیم کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان کی خواتین تعلیمی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑیں۔