اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)حکومتی کمیٹی اور تحریک انصاف میں ڈیڈ لاک برقرار‘اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے نہ آنے پر منگل کو مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کردیا تاہم کمیٹی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کےرابطے کی صورت میں اب اسپیکر اگلی میٹنگ طے کریں گے جبکہ ایازصادق کا کہنا ہے کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ دونوں کمیٹیاں مذاکرات جاری رکھیں گی‘,
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نےعملی طور مذاکرات ختم کردیئےہیں ، حکومتی کمیٹی 31 جنوری تک موجود رہے گی‘پی ٹی آئی نے دوبارہ رابطہ کیا تو ہماری کمیٹی ان کے ساتھ بیٹھ جائے گی‘پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جب حکومت جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردے گی تو ہم اس کے ساتھ مذاکرات کے لیے بیٹھ جائیں گے
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا کہناہے کہ ہماری ایک ہی مذاکراتی کمیٹی بنی تھی اور ایک ہی جگہ مذاکرات ہو رہے تھے جو ختم ہوچکے ہیں‘اس کے علاوہ اگر کہیں اور مذاکرات ہوں گے تو چھپ کر نہیں کھل کریں گے۔