راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2 خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہو گئے، دوسری جانب سیکورٹی فورسز کا خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، تین خوارج مارے گئے، 9خوارج زخمی ہوگئے، ادھر بنوں میرانشاہ روڈ پر بکاخیل کے قریب باران ڈیم کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کا حملہ ،حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے، فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ودیگر نے فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔