کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حاظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کے باعث ہونے والی 1100ارب روپے کی بچت کا فائدہ عوام کو منتقل اور بجلی قیمتوں میں کمی نہ کرنے،کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ اور کراچی کو ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کرنے کے خلاف کراچی میں 14مقامات پر بیک وقت احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شاہین کمپلیکس آئی آئی چند ریگر روڈ پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں اور صنعتوں کو ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کر رہی ہے اور بھاری بلوں کی وصولی کے باوجود لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک لائسنس منسوخ، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور کراچی کو این ٹی ڈی سی سے براہ ِ راست بجلی فراہم کی جائے، نومبر 2024میں نیشنل گرڈ سے کراچی کو 1100کے بجائے 1600میگا واٹ بجلی فراہم ہونے پر بلوں میں 4.88روپے فی یونٹ کمی کا ریلف ملا۔