کوئٹہ/ہرنائی (نمائندہ جنگ )بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکری میں کان کنوں کی پک اپ دہشتگردوں کی بچھائی بارودی سرنگ سے ٹکراجانے کے نتیجے میں11کان کن جاں بحق اور6زخمی ہوگئے ‘جمعہ کی صبح کان کن پک اپ میں سوارہوکر سودا سلف کی خریداری کیلئے بازار جا رہے تھےکہ گاڑی بارود ی سرنگ سے ٹکراگئی ‘ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ گاڑی میں سوار مزدوروں کے جسمانی اعضاء دور تک بکھر گئے اور گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی جبکہ دھماکہ کی جگہ گہرا گڑھا بن گیا ۔ سات زخمیوں کو ٹراما سنٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جن میں تین کی حالات تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دھماکے میں جان بحق مزدوروں کی لاشیں انکے آبائی علاقے کے پی کے روانہ کردی گئیں۔ قبل ازیں مرنے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ شاہرگ فٹ بال گراوُنڈ میں ادا کی گئی۔گورنربلوچستان جعفر مندوخیل نے مزدوروں کی شہادت پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔