راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت کرائم کنٹرول اور سکیورٹی میٹنگز کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزوسکیورٹی سید علی رضا،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق سمیت ایس ایس پیز ،ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔دوران اجلاس آئی جی نے وفاقی دارلحکومت میں سکیورٹی یقینی بنانے اور جرائم کے انسداد کے لئے مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ریڈ زون میں واقع اہم اداروں ،سفراء، سفارت خانوں ،دیگر ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات ،ریاستی مہمانوں اور اہم وفود کی نقل و حمل اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی سکیورٹی زون میں واقع اہم عمارات اورسفارت خانوں کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سیف سٹی اسلام آباد کے کیمرہ جات سے عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ تمام افسران چوری ، ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کے سدباب کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور خفیہ اطلاعات کے تبادلہ کے ذریعے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔ جرائم پیشہ گروہوں کے عدم گرفتار ارکان کی گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں اور اشتہاری مجرموں کی زیادہ سے زیادہ گرفتاریاں کی جائیں۔