• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑے سیاستدانوں کے ڈکلیئرڈ اثاثے، فافن رپورٹ

اسلام آباد ( قاسم عباسی) وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان سے زیادہ اثاثے بیرون ملک ہیں۔ اس کا انکشاف 2024کے عام انتخابات میں جمع کرائے گئے نامزدگی فارم میں اثاثوں اور واجبات کے متعلق حلفیہ بیان سے ہوتا ہے۔ نواز شریف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں صرف 15 کروڑ 50 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں جبکہ 2015-16 کے انتخابات میں انہوں نے ایک ارب 80 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے تھے۔ فافن کی ویب سائٹ پر اثاثوں کی تفصیلات موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ شہبازشریف نے 2024کے انتخابات میں 7 کروڑ 30 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے جبکہ 2018-19 میں جو انہوں نے اثاثوں کی جو تفصیلات بتائی تھیں وہ 31 کروڑ روپے تھے۔ اہم سیاسی شخصیات کی فہرست میں شامل دیگر افراد میں آصف زرداری نے 2ارب روپے اور بلاول بھٹوزرداری نے ایک ارب 90کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ آصف زرداری نے 2018 کے انتخابات میں 9 کروڑ 90 لاکھ روپے کے اثاثے ملک میں اور 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے بیرون ملک اثاثے ظاہر کیے تھے جبکہ اس وقت بلاول کے اثاثے ایک ارب 58 کروڑ روپے تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے جو اثاثے ظاہر کیے ہیں ان کی مالیت 62 لاکھ روپے ہے اور ان کے اثاثے اس فہرست میں سب سے کم ہیں۔ فافن کے مطابق مریم نوازشریف نے نامزدگی فارم میں پاکستان کے اندر 80 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کے ہیں۔ بیرون ملک جائیداد کاروبار یا کسی بینک میں نقدرقوم کی موجودگی سے انہوں نے انکارکیا ہے۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان میں مجموعی طور پر 18 کروڑ 10 لاکھ کے اثاثے ظاہر کے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید