راولپنڈی ( اپنے رپورٹر سے)راولپنڈی ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی میں اب تک 3658مقدمات کا اندراج کرکے 2457 ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن سے 348 اعشاریہ5 ملین روپے کی ریکوری بھی کی جاچکی ہے۔ اس بات کا اظہار کمشنر آفس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 3445344 گھریلو صارفین، 506950 کمرشل اور 18698 انڈسٹریل صارفین ہیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ اس جرم میں ملوث عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکے اور ان کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ انہوں نے ہدا یت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف مسلسل مانیٹرنگ ضروری ہے۔ کمشنر نے بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔