• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی سے پہلے تھیلی سیمیا ٹیسٹ ضرور کرایا جائے‘ صاحبزادہ حلیم

پشاور(جنگ نیوز) سابق بیوروکریٹس، صحافیوں، ججز، کاروباری شخصیات اور سماجی کارکنوں پرمشتمل وفد نے گزشتہ روز فرنٹیر فائونڈیشن پشاور سنٹر کا دورہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے وفد کو مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرایا اور انہیں خون کے موروثی امراض میں مبتلا بچوں کو انتقال خون، بلڈ بینک، ہیموفیلیا کے مریضوں کو فیکٹر8 اور فیکٹر 9 کے انجکشنز سمیت دیگر فراہم کی جانے والی بلامعاوضہ سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن 2003ءسے تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا 4 ہزار سے زائد بچوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ، انتقال خون سمیت دوپہر کے کھانے جیسی سہولیات بلامعاوضہ انجام دے رہا ہے۔خون کے موروثی امراض سے آگاہی سے متعلق سیمینارو تقاریب کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرے میں خون کے موروثی امراض کے خلاف شعور اجاگر کیا جا سکے کیونکہ ان امراض کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ تھیلی کا شکار افراد کی خاندانوں میں شادیاں ہیں اور ہم روز اول سے اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ شادی سے پہلے تھیلی سیمیا ٹیسٹ ضرور کرایا جائے تاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ وفد نے خون کے موروثی امراض کے خاتمہ کی کوششوں میں تعاون کا یقین دلایا۔
پشاور سے مزید