پشاور ( لیڈی رپورٹر )شعبہ ہارٹیکلچر ، زرعی یونیورسٹی پشاور نے ہائرایجوکیشن گرین یوتھ موومنٹ کے تعاؤن سے شجرکاری مہم پروگرام کا انعقاد کیا۔رجسٹرار زرعی یونیورسٹی پشاور ڈاکٹر رضوان احمد نے یونیورسٹی میں " پائنس روکس برجائی" کا پودا لگا کر باقاعدہ شجرکاری مہم کا اغاز کرتے ہوئے کہا کہ پودے ملک کی معاشی، معاشرتی اور ماحولیاتی خوشحالی میں بہتری لائیگے، آج کل دنیا خاص طور پر پاکستان موسمیاتی تغیرات، آلودگی ، خشک سالی، طغیانی اور سیلابوں کے مسائل سے دوچار ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں زیادہ پودے لگانے کی ضرورت ہے ، ہماری زمین شجرکاری کے لئے نہایت موزوں ہے، درخت لگانا صدقہ ہے، ہم جو پودے لگائیں ان کی اچھی دیکھ بھال بھی کریں، عوام، کسان اور طلباء بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے شعبہ ہارٹیکلچر کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر گوہر ایوب، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس کونسلنگ ، پلیسمینٹ اینڈ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر انور علی شاد، ڈاکٹر فضل واحد سمیت فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ و طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، ڈاکٹر مسعود احمد اور ڈاکٹر فضل واحد نے شرکاء کو پودوں سے متعلق بریفنگ دی۔