پشاور(جنگ نیوز) وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ھدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے غیر معیاری اور ملاوٹی خوردونوش اشیاء میں ملوث کاروباروں کے خلاف شہریوں کی شکایات کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے خصوصی شکایات سیل کے حوالے سے تفصیلات جاری کی اور کہا کہ شہری کسی بھی وقت، 24/7، غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات درج کروانے کے لیے ٹال فری نمبر 0800-37432، وٹس ایپ نمبر 0345-1009348 یا اتھارٹی کی ویب سائٹ www.kpfsa.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ روزمرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں مارکیٹس کی چیکنگ کرتے ہیں اور شکایت صورت میں فوراً ایکشن لیں گی اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سب کو مل کر صوبے سے ان کا صفایا کرنا ہوگا۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں خوراک کے معیار کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا۔