• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ حقانیہ میں خودکش دھماکے دہشت گردانہ عمل ہے، جہانزیب جعفری

پشاور(جنگ نیوز) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صدر علامہ جہانزیب جعفری نے نوشہرہ کے جامعہ حقانیہ میں پیش آنے والے خودکش دھماکے کو دہشت گردانہ عمل قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دھماکہ ملک دشمن عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کو فروغ دینے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانیں کھونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے خاص طور پر جامعہ حقانیہ کے معروف عالم دین مولانا حامد الحق کی شہادت کو پورے ملک کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا، بالخصوص ضلع کرم، میں بدامنی کی صورت حال خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان موجود اختلافات کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات اور جانی و مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں اور اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
پشاور سے مزید