راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ضلع کی 40مساجد کوحساسیت کے اعتبار سے کیٹیگری اے جب کہ 114مساجد کو کیٹیگری بی میں شامل کردیاگیا۔راولپنڈی پولیس نے رمضان المبارک میں مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا، راولپنڈی کی 2ہزار 178مساجد اور 82امام بارگاہوں میں رمضان المبارک میں مقامی رضا کاروں کی مدد سے سیکورٹی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ راولپنڈی پولیس نے سیکورٹی ڈیوٹی کے لئے زیادہ انحصار مقامی رضا کاروں پر کیاہے۔ اس سلسلے میں کاغذوں کی حد تک 6ہزار 534سول والنٹیرز کے مقابلے میں صرف ایک ہزار 586پولیس ملازمین کو سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ سیکورٹی پلان کے مطابق راول ڈویژن کی 518مساجد اور 21امام بارگاہوں ،پوٹھوہار ڈویژن کی 811مساجد اور 27امام بارگاہوں جب کہ صدر ڈویژن کی 849مساجد اور 34امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔