راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس ملازمین کوواٹس ایپ سوشل میڈیا گروپس سے فوری طور پر الگ ہونے کاحکم دے دیاگیا، سی پی او راولپنڈی کی جانب سے ڈویژنل ایس پیز،ایس پی ہیڈکوارٹرز،اور ایس پی سی آئی اے کوبھجوائے گئے حکم نامہ میں کہاگیاہے کہ مشاہدے میں آیاہے کہ پولیس افسران واہل کارمختلف واٹس ایپ سوشل میڈیا گروپس کے ممبر ہیں جو سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی ہے ۔آپ اپنے ماتحت ہر افسر اور ہر جوان تک یہ ہدایات پہنچائیں کہ کسی بھی رینک کے افسر یا اہل کار کو بلا اجازت کسی بھی واٹس ایپ یاسوشل میڈیا گروپ کوجوائن کرنے کی اجازت نہیں ہے۔جن آفیشلزنے ایسے گروپ جوائن کررکھے ہیں وہ فی الفور گروپس لیفٹ کردیں۔ ایسے تمام افسر اور اہل کار جنہوں نے پولیس کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنارکھے ہیں وہ بھی ایسے گروپ ڈیلیٹ کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔سینئر افسران اپنے ماتحت تمام آفیشلزسے مذکورہ ہدایات پر عمل درآمد کروانے کے ذمہ دار ہوں گے اوراس بابت سرٹیفیکیٹ دویوم کے اندر معرفت پی آراو برانچ زیر دستخطی کو بھجوایا جائے ۔