کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے یونیورسٹی روڈ پر واٹرٹینکر سے شہری کی ہلاکت کے کیس میں واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی ،واٹرٹینکر کے ڈرائیور محمدحنیف کو عدالت میں پیش کردیاگیا،پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، عدالت نے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کی ہدایت کی،عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کو ضمانت نہیں دی جاسکتی، ملزم فرار اور تفتیش پر اثر انداز بھی ہوسکتا ہے،عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات قابل افسوس ہیں، متعلقہ حکام کا رویہ بھی افسوسناک ہے،حکام قتل خطا کے بجائے قتل بالسبب کی سیکشن پر انحصار کرتے ہیں۔عدالت نے کیس میں قتل خطا کی دفعہ 320بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔