کراچی(عبدالماجد بھٹی،نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران شاندار سیکورٹی انتظامات پر پاکستان آرمی، رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے کام کرنے کے پیشہ وارانہ انداز کی تعریف کی ہے۔ آئی سی سی سیفٹی اینڈ سیکورٹی منیجر ڈاکٹرڈیو مسکرنے کہا کہ ٹورنامنٹ میں سیکورٹی اداروں نے بھرپور تعاون کیا،اس ٹورنامنٹ سے پوری دنیا میں پاکستان، عوام اور سیکورٹی اداروں کا مثبت امیج جائیگا، بھارتی صحافی بھی ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانیوں کی مہمان نواز ی کو سراہا ۔ پاکستان نے24سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی فائنل اتوار کو دبئی میں ہوگا، تمام چھ غیر ملکی ٹیمیں، آئی سی سی آفیشل اور سینکڑوں غیر ملکی مہمان واپس جاچکے ہیں۔ کراچی،لاہور اور پنڈی میں ایک سیمی فائنل سمیت دس میچ ہوئے۔آئی سی سی سیفٹی اینڈ سیکورٹی منیجر ڈاکٹرڈیو مسکر نے پاکستان میں میچوں کے اختتام پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی پولیس رینجرز اور آرمی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ٹورنامنٹ کے آغازسے پہلے ٹیموں کو پاکستان آنے پر تحفظات تھے، اب مجھے ذاتی طور پر کوئی شک نہیں کہ یہاں پروفیشنل ازم بہت شاندار تھی ۔واضع رہے کہ بھارت نے سیکورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے گریز کیا۔لیکن دنیا بھر سے سینکڑوں غیر ملکی پاکستان آئے۔ایک ماہ سے زائد پاکستان کی سیاحت، ہوٹلنگ صنعت، ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ اور دیگر شعبوں کو مالی فائدہ ہوا۔بھارت کے صحافیوں اور غیر ملکی ٹی وی کریو نے پاکستان میں وقت گذارا۔اس سے قبل پاکستان نے آخری بار 1996 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ دوسری جانب کھیلوں کے مشہور صحافی، وکرنٹ گپتا اور دیگر بھارتی صحافیوں نے لاہور میں چیمپئنز ٹرافی 2025کے دوران پاکستانی مہمان نوازی کو سراہا ہے۔ گپتا، جنہوں نے 19سال بعد پاکستان کا دورہ کیا نے کہا کہ انہیں یہاں بے حد احترام اور گرم جوشی ملی، خاص طور پر مقامی کھانوں اور ثقافت سے متاثر ہوئے۔