• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک پولیس ہیڈ کوارٹرز میں مسلم شناخت کی نئی روایت کا آغاز

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا میں مسلمان کمیونٹی نے بڑے اہتمام کیساتھ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ مکمل کرلیا اس عرصے میں امریکا میں سب سے بڑی 32ہزار افراد پر مشتمل نیو یارک پولیس فورس نے مسلمانوں اور ماہ رمضان کے حوالے سے ایک نئی روایت کااضافہ بھی کیا ہے۔ نیویارک پولیس میں شامل مختلف رنگ و نسل اور زبانیں بولنے والے 3؍ ہزار سے زائد مسلمان پولیس افسروں اور نیویارک میں آباد مسلم کمیونٹی کی مذہبی شناخت کو تسلیم کرنےکے تسلسل میں پہلی مرتبہ ماہ رمضان کے دوران ’’مسلم شناخت کریسنٹ اینڈ اسٹار‘‘ یعنی ہلال رمضان اور ستارہ کی علامت کو پولیس ہیڈکوارٹرز کی لابی میں نصب اور روشن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیویارک پولیس کی خاتون پولیس کمشنر جیسیکاٹش اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پولیس کے مسلم امام کی اسلام اور دیگر الہامی مذاہب کے لئے رواداری اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں انگریزی میں خطاب سے ہوا جبکہ یہودی مذہبی رہنما یعنی ربی اور عیسائی چپلین نے بھی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباددیتے ہوئے مختصر خطاب کیا۔ نیویارک پولیس میں کئی سالوں سے قائم مسلمان پولیس افسروں کی تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نئے صدر پاکستانی نژادکیپٹن وحید اختر نے پولیس کمشنر اور دیگر مہمانوں کاخیرمقدم کرتے ہوئے پولیس ہیڈ کوارٹرز کی لابی میں چاند اور ستارہ کی مسلم شناخت کودوران رمضان روشن رکھنے کی نئی روایت کے اضافہ پر پولیس کمشنر کا شکریہ ادا کیا جبکہ پولیس کمشنر خاتون جیسیکا ٹش نے نیویارک پولیس میں شامل 3؍ ہزار مسلمان مرد و خواتین افسروں کی خدمات اور اہم رول ادا کرنے کی تعریف بھی کی۔ تقاریرکے اختتام پر مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر وحید اختر نے پولیس کمشنر کو لابی میںموجود چاند اور ستارہ پر مشتمل مسلم شناخت کوروشن کرنے کے لئے مدعو کیا جس سے نیویارک پولیس کی مسلم شناخت کو تسلیم کرنے کی ایک اور روایت کااضافہ ہوگیا۔

اہم خبریں سے مزید