کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کی وزیر صحت اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو چانسلر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے یونیورسٹی کے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں جدید طرز کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا افتتاح کیا۔ اس جدید سہولت میں چھ مکمل ایئر کنڈیشنڈ او پی ڈیز اور مزید بیس جدید ڈینٹل کرسیاں شامل ہیں، جن سے روزانہ 200 سے زائد مریضوں کا علاج ممکن ہے۔ افتتاح کے بعد منعقدہ ساتویں سینیٹ اجلاس میں، ڈاکٹر پیچوہو نے یونیورسٹی کے کردار کو مزید مضبوط کرنے کے لیے دو اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ میڈیکل طلبہ اب پولیو ایمرجنسی آپریشنز میں حصہ لیں گے تاکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم میں مدد فراہم کی جا سکے، جبکہ ہیلتھ کیئر ریسرچ سینٹر کے قیام کی بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔ انہوں نے جینومک لیب کی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا اور مالیکیولر جینومک اسٹڈیز میں ایک تعلیمی پروگرام شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔