اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) آل پارٹیز حریت کانفرنس کی پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت نے بھارتی وزیر داخلہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ جمعہ کو پریس کانفرنس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی، فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین، شمیم شال، پرویز شاہ ایڈووکیٹ اور آزاد کشمیر کی وزیر تقدیس گیلانی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ بھارت کی ہٹ دھرمی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی صورت تبدل کرنا چاہتا ہے تاکہ کشمیری قوم کو اقلیت میں لا کر رائے شماری کروا کر اسے اپنے ساتھ شامل کرلے۔کشمیری کبھی بھی اپنے حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے۔