اسلام آباد، واشنگٹن (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کیساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے، امریکا سے ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے، پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی جریدے کو انٹرویو میں کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری مسٹر رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس نظام، توانائی، نجکاری، سرکاری اداروں (SOEs ) ، پنشن اور قرضوں کے انتظام سے متعلق جاری اصلاحات کو اجاگر کیا۔