اسلام آباد ( طاہر خلیل ) بھارتی جارحیت کے خلاف پارلیمانی یکجہتی کے اظہار کیلئے اپوزیشن کو ہم آہنگ کرنے میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کلیدی کردار ادا کیا، قومی تاریخ کا خوش کن لمحہ ، پارلیمانی و سیاسی قیادت نے مادر وطن کے دفاع کے دوٹوک عزم کا اظہار کیا یہ پہلا موقع تھا کہ اپوزیشن کی بڑی جماعت پی ٹی آئی نے کسی تامل کے بغیر اسپیکر کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اسلام آباد میں پارلیمانی ذرائع کا کہنا تھا کہ سپیکر چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں اپوزیشن نے تحفظات کے باوجود قومی سلامتی کے نہایت اہم مرحلے میں بھارتی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف بھر پور یکجہتی کے اظہار کا فیصلہ کیا ، جس کا اظہار اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اپنی تقریر میں بھی کہا کہ پی ٹی آئی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو سویلین کے ملٹری ٹرائل کے عدالتی فیصلے پر بھی کئی تحفظات تھے لیکن اسکے باوجود پی ٹی آئی نے اس روز سپیکر کا ساتھ دیا ۔