کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت تنہا کھڑا ہے ، پاکستان بھی مؤثر سفارتی حکمت عملی اپنائے،جیو نیوز کے نمائندے حیدر شیرازی نےکہا کہ عمران خان نے پے رول پر رہائی کے کیس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے،پروگرام کےمیزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئےکہا کہ بھارتی رہنماؤں نے بھی مودی حکومت کی ناکامی تسلیم کی ہے ۔ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارت کی مایوسی اس لیے ہے کہ اس نے پہلگام حملے میں پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جبکہ پاکستان نے تحمل اور بردباری دکھائی جسے دنیا نے سراہا۔ایک امریکی اخبار کے مطابق بھارتی میڈیا نے اتنا جھوٹ بولا ہے کہ اب ان کی بات کی کوئی حیثیت نہیں رہی اور میں سمجھتا ہوں یہ تمام عوامل ہیں جن کی وجہ سے بھارت تنہا کھڑا ہے۔ اعزاز چوہدری کے مطابق پاکستان کو بھی مؤثر سفارتی حکمت عملی اپنانی چاہیے تاکہ بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔جیو نیوز کے نمائندے حیدر شیرازی نےکہا کہ عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے نہ کوئی سیاسی و غیر سیاسی ملاقات ہوئی ہے نہ مذاکرات جاری ہیں۔ بیرسٹر گوہر، علیمہ خان اور اسد قیصر سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی ملاقات یا ڈیل کی تردید کی ہے۔ عمران خان نے پے رول پر رہائی کے کیس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں دیا۔ یشونت سنہا، راہول گاندھی اور دیگر بھارتی رہنماؤں نے بھی مودی حکومت کی ناکامی تسلیم کی ہے۔