اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی کابینہ نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کوشکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دیدی جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیربابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ فوجی افسران و جوان، غازیان، شہداء اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلی سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے سید عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ دفاع وطن کی خاطرجنرل عاصم منیر کی خدمات کا اعتراف ہےجبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں جنرل عاصم منیر کی دلیری‘ استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔ادھرپاک فوج کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ،یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔