لاہور(نمائندہ خصوصی )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف حسبِ روایت تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار کر کے نہ صرف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ اپنی سچائی سے خود ہی نظریں چرا رہے ہیں۔انہیں یقین کرلینا چاہیے کہ وہ سزا یافتہ مجرم اور قید ہیں اور یہ بنی گالہ نہیں، اڈیالہ جیل ہے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی گزشتہ تین دنوں سے پولی گرافک ٹیسٹ کرنے والی ٹیم سے دانستہ طور پر چھپ رہے ہیں ، انہیں آج بھی اس حقیقت کا یقین نہیں آ رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور اس وقت جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہیں سمجھنا ہوگا کہ یہ بنی گالہ نہیں، اڈیالہ جیل ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹوگرامنگ ٹیسٹ کے لیے جیل پہنچی، لیکن بانی پی ٹی آئی نے ہر مرتبہ کسی نہ کسی بہانے سے ٹیسٹ سے بچنے کی کوشش کی۔