• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا، فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(نمائندہ جنگ )سکیورٹی فورسز نے 24 اور 25مئی کو خیبر پختونخوا میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 9خوارجیوں کو ہلاک کر دیاجبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارودبھی برآمدہوا۔آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیااورخوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعدچار بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن ضلع ٹانک میں کیا گیا ، فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز نے مزید دو بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کیا۔ تیسری جھڑپ ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ہوئی جہاں پر تین مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کوہلاک کر دیا گیا۔ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو ان علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نےضلع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور خیبر میں 9 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ملک میں دہشتگردوں اور دہشتگردی کا مکمل سدباب تیزی سے جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید