کراچی (سہیل افضل) اسٹیٹ لائف سرکاری اور دیگر ملازمین کے پنشن کا مسئلہ حل کرنے کے لئے جلد ہی پنشن کی نئی اسکیم لانچ کرے گی اس اسکیم سے ریٹائرڈ ملازمین کو تاحیات پنشن ملے گی۔
وفاقی حکومت کی میڈیا ورکرز کے لئے متعارف کرائی ہیلتھ کارڈ اسکیم کا کراچی کے صحافی زیادہ فائدہ نہیں اٹھا رہے ، ہماری کارپوریٹ ہیلتھ پرو ڈکٹ کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے ،ہماری تکافل پرو ڈکٹ بھی بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور اس میں ہم ٹاپ 3 میں آچکے ہیں.
ان خیالات کا اظہار اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے سی ای او شعیب جاوید حسن نے منتخب میڈیا سے خصوصی بات چیت میں کیا۔
اس موقع پر اسٹیٹ لائف انشورنس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب امام بھی موجود تھے۔
شعیب جاوید حسن نے کہا کہ کارپوریشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر تمام ریٹائرڈ ملازمین کے لیے تاحیات پینشن پراڈکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شعیب جاوید حسن نے بتایا کہ مجوزہ پینشن اسکیم کا خاکہ ایک ماہ میں تیار ہوجائے گا جس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی جائے گی ۔
ریٹائرڈ ملازمین کے لیے مجوزہ پینشن اسکیم سے 70سال کی عمر سے زائد افراد بھی استفادہ کرسکیں گے ، توقع ہے کہ مجوزہ پینشن اسکیم رواں سال ہی متعارف کرادی جائے۔
سی ای او اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ ادارہ سندھ حکومت کے اشتراک سے سندھ میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے منصوبوں پر بھی کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے ،سندھ حکومت صوبے میں پرائمری ہیلتھ بہتر بنانا چاہتی ہے ،اس پر ورکنگ گروپ کام کر رہا ہے ۔