• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بار بار انکار کے بعد 5 طیارے گرنے کا بھارتی اعتراف، BJP رہنما نے انڈین حکومت کے جھوٹ کا پول کھول دیا، امید ہے مودی قوم کو سچائی بتائیں گے، ان کے ہوتے کرپشن کی تحقیقات ممکن نہیں، سبرامنین سوامی

نئی دہلی (ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک )بار بار انکارکے بعدہندوستان نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں اپنے پانچ طیاروں کی تباہی کو تسلیم کرلیا‘ بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرقانون سبرا منین سوامی نے مودی سرکاری کے جھوٹ کا پول کھولتے ہوئے پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے 5طیارے گرائے جانے کا اعتراف کرلیااورکہاکہ مودی کے ہوتے ہوئےرافیل طیاروں کی خریداری میں کرپشن کی تحقیقات ممکن نہیں ‘امیدہے مودی طیارے گرنے کے معاملے پر قوم کو سچائی سے آگاہ کریں گے‘چین کی جانب سے پاکستان کودیے گئے طیارے بہترین تھے مگر فرانس کےرافیل طیارے اتنے اچھے نہیں تھے۔ واضح رہے کہ9مئی کو ایک پریس بریفنگ میں بھارتی فضائیہ کے ڈی جی ایئر آپریشنز اے کے بھارتی نےبھی دبے لفظوں میں انڈیا کے جہازگرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہاتھا کہ نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں بتاسکتا‘ اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہوتا ہے۔ ادھر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ پاکستان کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو بھارت اس کا جواب اپنی بحریہ کی طاقت سے دے گا‘ آپریشن سندور روکا ضرور گیا ہے مگر ختم نہیں ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق سینئربی جے پی رہنماءسبرامنیم سوامی نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران اس بات کو تسلیم کیاکہ پاکستان نے بھارت کے5طیارے گرائے ہیں‘ کارروائی میں چین کے کردار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ طیارے تو چین کے ہی تھے لیکن چین کے لوگوں نے نہیں کیا‘چین کی جانب سے دیے گئے طیارے بہترین تھے مگر فرانس کے طیارے اتنے عمدہ نہیں تھے‘ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے ہمارے ملک کے لیے موزوں نہیں ہیں‘رافیل کی خریداری کتنی کرپشن ہوئی یہ دوسری بات ہے کیونکہ مودی کے رہتے ہوئے ہم تحقیقات نہیں کرسکتے وہ ایسا ہونے نہیں دے گا۔انہوں نے نریندرمودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ہمیں پہلگام حملے کا بدلہ لینا چاہئے تھا مگرہم ایساکرنے میں ناکام رہے ۔دریں اثناء جمعہ کو بھارتی ریاست گوا کے ساحل کے قریب موجود طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا کہناتھاکہ اگر پاکستان نے کوئی حرکت کی تو اس بار اُسے بھارتی بحریہ کی طاقت اور غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

اہم خبریں سے مزید