اسلام آباد،کراچی ( نیوز ڈیسک)بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی جانب سے طیارے گرنے کے اعتراف کے بعد بھارت میں شدید اشتعال کا سامنا ہے ، اپوزیشن اور کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی نے قوم کو گمراہ کیا، کانگریس نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے اور شفافیت تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے، کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے مودی سرکار پر شدید تنقید کی کہا کہ مودی حکومت نے قوم کو گمراہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے سنجیدہ سوالات صرف پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ہی اٹھائے جا سکتے ہیں، ایکس پر اپنے پیغام میں ملک ارجن کھرگے نے مزید لکھا کہ کانگریس پارٹی، کارگل ریویو کمیٹی کی طرز پر ملک کی دفاعی تیاریوں کا جامع جائزہ لینے کیلئے آزاد ماہرین کی کمیٹی کا مطالبہ کرتی ہے۔ تلنگانہ کے آبپاشی وزیر اور بھارتی فضائیہ کے سابق پائلٹ کیپٹن این اُتّم کمار ریڈی نے ہفتہ کو مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ رپورٹ ہونے والے نقصانات، بشمول رافیل لڑاکا طیاروں کے گرائے جانے کے بارے میں مکمل شفافیت دکھائے۔ ریڈی نے کہا کہ قوم کو یہ بھی جاننے کا حق ہے کہ ہمارے کیا نقصانات ہوئے۔ ریڈی نے بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرن کی کم ہوتی ہوئی تعداد پر بھی تشویش ظاہر کی، جو اس وقت 31 اسکواڈرن ہیں، جبکہ منظور شدہ تعداد 42 اسکواڈرن ہے۔قبل ازیں کانگریس نے مطالبہ کیا کہ انڈین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے بیان کے بعد کچھ ایسے سوال پیدا ہوتے ہیں، جن کے جواب جاننا ضروری ہیں۔