کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی کے تباہ حال انفراسٹرکچر، غیر فعال ٹریفک نظام، اور ناقص ٹرانسپورٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹی پھوٹی شاہراہیں شہریوں کے لیے عذاب بن چکی ہیں۔ شہر کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہی کا شکار ہے اور حکومت کی طرف سے کیے گئے ٹرانسپورٹ کے تمام دعوے زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے ہیں۔ جس جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ تاحال کراچی کے عوام کے لیے ایک نامکمل خواب ہے۔ چند مخصوص علاقوں میں چلنے والی بسیں شہر کی کروڑوں کی آبادی کے لیے ناکافی ہیں۔