کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے گولیمار کی پیتل گلی ہنرمندی میں اپنی مثال آپ ہے لیکن اب اس کی رونقیں بھی آہستہ آہستہ ماند پڑتی جارہی ہیں۔ناظم آباد اور گرو مندر کے درمیان واقع یہ گلی پاکستان میں پیتل کے بہترین کام، برتن اور سجاوٹ کے پیتل کے ٹکڑوں کے لیے مشہور ہے۔ براس اسٹریٹ جسے مقامی طور پر ’’پیتل گلی‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے ،ایک قدیم گلی ہے ، اس پیتل گلی میں گاہک کم ہوئے تو کاریگر بھی کام چھوڑتے چلے گئے۔پیتل گلی کے ماہر کاریگر صدیوں سے ثقافت، ورثہ اور فن کو کسی نہ کسی صورت میں زندہ رکھے ہوئے ہیں،کہتے ہیں کہ شہر کی گلیاں اس کے ماضی کی کتاب ہوتی ہیں، کراچی کی پیتل گلی بھی ایسی ہی ایک کتاب ہے، یہاں موجود ایک کاریگر محمد عقیل پیتل پر اپنے ہنر اور محنت کے جوہر دکھاتے ہیں۔محمد عقیل جو گزشتہ20 سال سے اس روایت اور ہنر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں،نے بتایا کہ مہنگائی نے اس کاروبار کی رونقیں ختم کردی ہیں، پہلے یہاں 25کے قریب دکانیں تھیں اب چار پانچ رہ گئی ہیں۔