کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز جیتنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔پیر کووزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کو بھی جیت پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم ورک اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے مجھے امید ہے کہ ٹیم مزید محنت اور یکسو ہو کر آنے والے میچز کیلئے تیاری کریگی اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ چیئرمین محسن نقوی نے بھی امریکا میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبردست ٹیم ورک، عزم اور جذبے کا مظاہرہ کیا گیا۔بین الاقوامی سرزمین پر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر اپنے لڑکوں پر فخر ہے، کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں!