کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) سیکورٹی فورسز نے مجید بریگیڈ کیلئے نوجوانوں کو خود کش بمبار بنانے کے الزام میں بلوچستان کی ایک یونیورسٹی کے ایک پروفیسر سمیت چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا،پروفیسر عثمان قاضی نے نومبر2024میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملے کی سہولت کاری کی، اب تک 32 خود کش بمبار تیار کرنے کا اعتراف ۔11اگست کو گرفتار ہونے والے ایک خود کش بمبار نے نشاندہی کی تھی، اس نے یوم آزادی پر دہشتگردی کے منصوبے کا بھی انکشاف کیا ، ملزم نے دوران تفتیش نوجوانوں کی خود کش حملوں کیلئے ذہن سازی کرنے کے علاوہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کش حملے کے لیے سہولت کاری کرنے کا بھی اعتراف کر لیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جولائی کے آخری ہفتے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے اگست کے آغاز سے ہی کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔