لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خا ن و دیگر نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب ،زلزلہ ہو یا بھارت سے جنگ،فوج دفاع وطن میں ہمیشہ فرنٹ فٹ پر نظر آئی۔اسی لئے یومِ دفاع۔ ہمیں 1965کی جنگ میں پاک فوج کی بہادری، جرات، اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، بھارت نے حملہ کیا تو جنرل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا،سیلاب کے بحران پر پاک فوج کا ردعمل مثالی رہا ہے، جو ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قوم کی خدمت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے سے لے کر خوراک، پناہ گاہ اور طبی امداد کی تقسیم تک، فوج نے متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ان خیالات کا اظہا انہوں نےمیر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار بعنوان "دفاع پاکستان اور فیلڈ مارشل کا کردار" میں کیا۔جس کی صدار ت گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کی۔گیسٹ آف آنر میں ندیم کامران بشپ آف لاہور تھے۔ حرف آغاز عزیز احمد اعوان (چیف آرگنائزرومیڈیا کوآرڈنیٹرPESS )نےکیا۔مہمانان میں پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب (وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ)، برگیڈیر (ر)نادر میر، پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ افتخار (چیئر پرسن ہسٹری ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی)،پروفیسر ڈاکٹر منیبہ افتخار (ماس کام ڈیپارٹمنٹ لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی)،محمود بھٹی(انٹرنیشنل فیشن ڈیزائنر)، پروفیسر ڈاکٹر شبیر خان (پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی)،ڈاکٹر زینب احمد (اسسٹنٹ پروفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر بی این یو سینٹر فار پالیسی ریسرچ، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی)،عامر علی (ایگزیکٹو ممبر ایل سی سی آئی)شامل تھے۔جبکہ میزبانی کے فرائض واصف ناگی چئیرمین میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ نے ادا کئے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہاکہ پاکستان میں کلائمیٹ چینج کی وجہ سے آئے دن قدرتی آفات آتی ہیں، 2021 میں سندھ میں آنے والے بڑے سیلاب کو سندھ حکومت نے بہتر طور پر سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں، حکومت متاثرہ علاقوں میں 12 ہزار واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر چکی ہے اور متاثرین کو دن رات کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔