کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد پر اے پی ایم ایس او جامعہ کراچی سیکٹر اور فیکلٹی کے ذمہ داران نے سنیئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق اور مرکزی رہنما شبیر قائم خانی سے ملاقات کی جس میں جامعہ کراچی کو درپیش مسائل، طلبہ کی مشکلات اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سید امین الحق نے کہا کہ جامعہ کراچی کی زمین پر کسی کو بھی غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی میں آبادی کے اعتبار سے پہلے ہی سرکاری جامعات نہ ہونے کے برابر ہیں اور جامعہ کراچی پر مالی فائدےکیلئے قبضے کی کوشش شہر کے ساتھ بدترین زیادتی ہے۔ سندھ حکومت قبضہ مافیا کے خلاف مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، سندھ حکومت یا تو نااہل ہے یا پھر قبضہ مافیا کے جرم میں شریک ہے۔ جامعہ کراچی کے مسائل کا حل اور طلبہ کی سہولیات ایم کیو ایم پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔