اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر، خبر نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء پر پیغامات میں کہا ہے کہ کوئی بھی چیلنج ہمیں خودداری و خودمختاری کے راستے سے منحرف نہیں کر سکتا پاکستان کا یومِ دفاع و شہداء، ہماری تاریخ کا ایک حوصلہ افزا باب ہے، اس دن، ہم ایک قابلِ فخر قوم کے طور پر اپنی بہادر مسلح افواج اور ثابت قدم عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنی سرحدوں کا غیر متزلزل ایمان اور بے مثال بہادری کے ساتھ دفاع کیا،ستمبر کا جذبہ ہمیشہ ہماری مسلح افواج کی بے خوفی اور ہماری قوم کی استقامت میں جھلکے گا، کوئی بھی چیلنج ہمیں خودداری اور خودمختاری کے راستے سے منحرف نہیں کر سکتا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی دفاع معاشی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کیساتھ غیر ملکی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی ا کا مقابلہ کرتے رہینگے۔ صدر زرداری نے کہاکہ 1965 کی قربانیوں کا جذبہ ایک لازوال روشنی بن چکا ہے، جو ہماری آئندہ نسلوں کو ہر آزمائش اور چیلنج کے دوران رہنمائی فراہم کرتا ہے۔صدر نے کہاکہاس سال 6 ستمبر معرکہ ء حق کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے ، جیسے 1965 میں ہماری بہادر افواج نے بے مثال حوصلہ اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، اسی طرح مئی 2025 میں بھارت کے خلاف آپریشن "بنیان المرصوص" کے دوران ہمارے بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر بے مثال جرأت اور جانفشانی کا مظاہرہ کیا۔،بطور سپریم کمانڈر، میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل اپ گریڈ کرنے اور جدید بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔صدر نے کہاکہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے میں عدم استحکام کی جڑ ہے،دنیا کو فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کے لیے مضبوط موقف اختیار کرنا چاہیے ، وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کے دن کے طور پر نقش ہے، ساٹھ سال قبل ہماری بہادر مسلح افواج نے عوام کے بھرپور تعاون سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے ثابت کیا کہ پاکستان ایک بہادر قوم ہے جو اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،1965 کا وہ ناقابل تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے جیسا کہ حالیہ معرکہ حق میں ایک بار پھر ہماری مسلح افواج اور عوام بیرونی جارحیت کے خلاف آہنی دیوار کی طرح ایک ساتھ کھڑے رہے۔ ہماری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی مہارتوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف کے تزویراتی وژن کے ذریعے دشمن کے تکبر کو اپنی پرعزم قوت سے کچلتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔آج کے دن ہم اپنے بہادر شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے غازیوں کو، جن کی جرات آئندہ نسلوں کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور تعمیری روابط کی پالیسی پر کاربند ہے، اس کے باوجود ہم مسلسل بھارتی اشتعال انگیزیوں اور بدلتے ہوئے علاقائی تناظر کی حقیقت سے غافل نہیں رہ سکتے،ہم ہندوستان کے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) کے مظلوم لوگوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، ہم فلسطین میں جاری مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم، افواجِ پاکستان اور شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے جس نے پوری دنیا پر یہ حقیقت آشکار کی کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1965ء میں دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج بھی دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں 1965ء کی پاک-بھارت جنگ کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ روشن باب ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑی فوج کو شکست دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے اور پاک افواج کی موجودگی میں کوئی دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، یومِ دفاع ہمیں اُن شہداء اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر مادر وطن کا دفاع کیا اور آنے والی نسلوں کی آزادی اور خودمختاری کو یقینی بنایا۔ پوری قوم ان جانبازوں کو سلام پیش کرتی ہے، ان کی لازوال قربانیوں کو ملکی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم اور پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،شہداء کی قربانیاں پاکستان کے استحکام، آزادی اور خودمختاری کی بنیاد ہیں، جنہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ہم اُن عظیم شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی لازوال قربانیوں نے مادرِ وطن کی خود مختاری اور وقار کا دفاع کیا، ہم آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ میں پاکستانی افواج کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اُن کی شجاعت دراصل ہماری قومی طاقت اور اجتماعی حوصلے کی علامت ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جو قوم اور مسلح افواج کی جرات و بہادری کی یاد تازہ کرتا ہے، آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاک فوج ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار ہے۔ یہ کامیابی افواج پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت کا نتیجہ ہے ، شہداء کی قربانیاں قومی فخر اور ایک مقدس امانت ہیں۔