• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علاقے کلیئر ہوئے پھر دہشت گردوں کو کون لایا، سہیل آفریدی

پشاور(ارشد عزیز ملک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ علاقے کلیئر ہوگئے تو پھر کون ان دہشت گردوں کو واپس لایا؟ ہم آپریشنز کے مخالف ہیں اس میں نقصانات زیادہ ہوتے ہیں اور مسائل بڑھتے ہیں، صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر کیسے امن ہوگا؟افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا اس کو جواب ملے گا، افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے بھجوائیں گے، کابینہ کی تشکیل میں بانی عمران خان سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں لیکن ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ عمران خان نے مزمل اسلم کو کابینہ میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے بیرسٹر محمد علی سیف کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔چیف سیکرٹری اور آئی جی کو تبدیل نہیں کیاجارہا ۔ کابینہ میں نئے چہرے بھی ہوں گے۔ سابق وزیر مینا خان کے ہمراہ سینئر صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے، گزشتہ حکومت میں ہم تھوڑے کمزور تھے، جوغلطیاں ہوں ان پر تنقید ضرور کریں لیکن صوبے کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کے خلاف نہیں اتارا گیا، ہم تو قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ہم عدالتوں میں جنگ لڑرہے ہیں اںصاف نہ ملا تو احتجاج ہی کریں گے، فوج آرٹیکل 245کے تحت آتی ہے، علاقے کلیئر ہوگئے تو پھر کون ان دہشت گردوں کو واپس لایا؟ ان دہشت گردوں کی دوبارہ آبادکاری کے بعد پھر آپریشن بڑے اور چھوٹے آپریشنز ہوئے، آپریشنز کے ہم مخالف ہیں اس میں نقصانات ہوتے ہیں اورمسائل بڑھتے ہیں، صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر کیسے امن ہو گا؟ صنم جاوید سے متعلق ملی رپورٹ سے مطئمن نہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صنم جاوید کے حوالے سے خاص نہیں جنرل ہدایات تھیں، یہ ہدایت تمام ورکروں کے حوالے سے تھیں کہ کسی سیاسی ورکر کو گرفتار نہ کیا جائے، صنم جاوید سے متعلق رپورٹ ملی ہے لیکن مطمئن نہیں ہوں دوبارہ رپورٹ لوں گا۔افغانستان کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا اس کو جواب ملے گا، یہاں سے 8لاکھ افغان مہاجرین واپس گئے، 12لاکھ کو اب بھی ہیں باعزت طریقے سے بھجوائیں گے، واپسی کا عمل تیز کیا جائےگا۔

اہم خبریں سے مزید