کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ فنکشنل لیگ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام پانی، بجلی، صفائی، نکاسی آب، نوجوانوں کے روزگار اور امن و امان کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں، مگر پیپلز پارٹی اور کراچی کے نام پر سیاست کرنے والی جماعتوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے کارکنوں نےبڑی تعداد میں فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں ملاقات کر کے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ سے تعلق رکھنے والے برکت بلوچ، عزیز بلوچ اور شانی بلوچ نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد خصوصاً ڈی ایم سی/ٹی ایم سی سینٹرل افسر ایسوسی ایشن کے سلیم احمد صدیقی، نور محمد، سید رضی رضوی، نعیم اعجاز اور دیگر نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈی ایم سی کے پلیٹ فارم سے فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کی جبکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جازیب وسیم بھٹی سرفراز بھٹی سلمان روحیل اکرم یوسف مسیح عرفان بھٹی اور دیگر نے شمولیت اختیار کی ۔