• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف ماہر تعلیم، دانشور، محقق ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ انتقال کر گئیں

لاہور( جنگ نیوز) معروف ماہر تعلیم اور اردو زبان کی ماہر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور علمی و ادبی حلقوں نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدرِ مملکت نے اپنے ایک پیغام میں گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کر کے ایک روشن مثال قائم کی، مرحومہ کی علمی خدمات اور قومی زبان کے فروغ کے لیے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا فارمن کرسچن کالج میں تاریخ کی پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، مرحومہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی سابق پرنسپل بھی رہیں،مرحومہ نے پنجاب کی نگران صوبائی وزیر کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے، عارفہ سیدہ زہرا قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن بھی رہیں،عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا ، انہوں نے ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی۔
اہم خبریں سے مزید