• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہار، مودی اتحاد این ڈی اے کو واضح اکثریت کی پیش گوئی

کراچی (رفیق مانگٹ) بہار میں مودی اتحاد این ڈی اے کو واضح اکثریت کی پیش گوئی، این ڈی اے کو کم از کم 125سیٹیں ملیں گی، ایگزٹ پولز، مہا گٹھ بندھن سخت مقابلے میں، کون کرے گا بھارتی بہار پر حکمرانی؟ آج ووٹوں کی گنتی کے بعد سب کچھ واضح ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج کے لئے ووٹوں کی گنتی آج 14 نومبر (جمعہ) صبح 8 بجے (پاکستانی وقت ساڑھے 7 بجے) شروع ہوگی۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 11 نومبر کو مکمل ہوئی، جس میں 243 سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ 68.94 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو بہار کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ پہلے مرحلے میں، جو 6 نومبر کو 121 حلقوں میں ہوا، ٹرن آؤٹ 64.66 فیصد رہا، جو 2020 کے 57.29 فیصد سے زیادہ ہے۔اسمبلی میں کل 243 سیٹیں ہیں اور حکومت بنانے کے لئے 122 سیٹوں کی اکثریت درکار ہے۔ انتخابات میں اہم مقابلہ موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جے ڈی (یو) ، بی جے پی (این ڈی اے) اتحاد اور تجشوی یادو کی آر جے ڈی ، کانگریس (مہا گٹھ بندھن) کے درمیان ہے۔ پہلے مرحلے میں 18 اضلاع اور دوسرے مرحلے میں 20 اضلاع شامل تھے۔ نتائج زیادہ تر آج شام تک واضح ہو جائیں گے، جبکہ مکمل اعداد و شمار بعض اوقات اگلے دن سامنے آ سکتے ہیں۔انتخابی تجزیہ اور 11 مختلف ایگزٹ پولز کے نتائج کے مطابق، این ڈی اے کو بہار میں واضح اکثریت حاصل ہونے کی پیش گوئی ہے، جبکہ صرف ایک پول (ایکسس مائی انڈیا) نے قریبی مقابلے کی نشاندہی کی ہے۔ ایکسس مائی انڈیا کے مطابق این ڈی اے 121-140 سیٹیں جیتے گا، مہا گٹھ بندھن 98-118 سیٹیں حاصل کر سکتا ہے، اور جن سوراج پارٹی کو صرف 0-2 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ اس پول کے مطابق این ڈی اے کو 43 فیصد اور مہا گٹھ بندھن کو 41 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے، جس کا مطلب صرف 2 فیصد کا فرق ہے۔این ڈی ٹی وی کے پول کے مطابق این ڈی اے 146 سیٹیں جیتنے کا امکان رکھتا ہے، مہا گٹھ بندھن 92 سیٹیں حاصل کرے گا، اور جن سوراج پارٹی کو صرف ایک سیٹ ملے گی۔ ایگزٹ پولز کے مطابق آر جے ڈی سب سے بڑی پارٹی بن سکتی ہے، جس کے پاس 67-76 سیٹیں ہوں گی، جے ڈی یو 56-62، بی جے پی 50-56، اور کانگریس 17-21 سیٹیں حاصل کرے گی۔ مجموعی طور پر این ڈی اے کم از کم 125 سیٹیں جیتنے کی توقع رکھتا ہے۔نتیش کمار کی جے ڈی یو 2020 کے 43 سیٹوں سے بڑھ کر 56-62 سیٹیں حاصل کر سکتی ہے، جبکہ بی جے پی کی سیٹیں 74سے کم ہو کر 50-56 رہنے کا امکان ہے، جس سے بی جے پی کی جانب سے نتیش کمار کو سائیڈ لائن کرنے کی قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایگزٹ پولز ہمیشہ درست نہیں ہوتے اور حتمی نتائج صرف جمعہ کو ووٹوں کی گنتی کے بعد سامنے آئیں گے۔

اہم خبریں سے مزید