کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ اورپولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری ، منشیات فروشی اور متعدد پولیس مقابلوں میں ملوث انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پرانتہائی مطلوب لیاری گینگ وارکمانڈرملزم شوکت علی عرف آغا شوکت کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے حکومت سندھ نے انعامی رقم مقرر کر رکھی تھی، گرفتار ملزم 2004میں لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالرحمن ڈکیت گروپ، 2009 میں پیپلز امن کمیٹی اور 2013میں کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے گروپ میں شامل ہوا گرفتارملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ وصولی، منشیات فروشی اور متعدد پولیس مقابلوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ گرفتارملزم کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک روپوش رہااور پاکستان واپس آ کردوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا گرفتارملز م کا نام سی ٹی ڈی سندھ کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بک میں شامل ہے گرفتار ملزم کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیاگیاہے۔