• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزرا، ڈی جی ISPR کے حق میں بول پڑے، ردعمل بہت مناسب قرار

اسلام آباد (فاروق اقدس، ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اور دیگر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کے ترجمان کا ردعمل بہت مناسب تھا، عمران خان اور انکی جماعت نے ’اپنی شناخت بدل لی‘ اور اب وہ پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑے، رانا ثناء اللہ نے کہا عمران خان نے صورتحال خراب کی اب بات چیت نہیں ہوسکتی، احسن اقبال نے کہا اگر ڈی جی آئی ایس پی آر اس سے بھی زیادہ شدت سے بولتے تو حق بجانب تھے، ریاست کے مفاد پر سیاست نہیں کرسکتے، طلال چوہدری نے کہا پی ٹی آئی سیاسی جماعت کے زمرے میں نہیں آتی، انکے اقدامات ملک مخالف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی آیس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں ابھی بھی محتاط الفاظ استعمال کئے تھے۔خواجہ آصف نے اسلام آباد اور سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان طویل عرصے سے ریاستی اداروں اور سیاسی مخالفین کیخلاف سخت زبان استعمال کرتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب افراد اور اداروں کیلئے اس قسم کی زبان استعمال کی جائے تو ردعمل ایک فطری نتیجہ ہوتا ہے۔ یہی کچھ اُن کے نام سے چلنے والے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بھی ہو رہا ہے۔وزیر دفاع نے کہا عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما فوج کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہے، حالانکہ فوجی جوانوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور مئی میں انڈیا کے ساتھ چار روزہ تنازع کے دوران قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو چاہیے کہ ’ہمارے فوجیوں اور شہداء‘ کی حمایت کر کے ان قربانیوں کو تسلیم کرے نہ کہ ’دہشت گردوں‘ کی۔خواجہ آصف کے مطابق ’عمران خان ہر مسئلے پر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے جنگ (انڈیا سے) کے دوران فوج کے حق میں بات کیوں نہیں کی؟جنگ کے دوران بھی وہ فوجی قیادت کو نشانہ بناتے رہے۔ وہ ان کیلئے نامناسب زبان استعمال کرتے رہے۔

اہم خبریں سے مزید