• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں مثالی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ میکنزم تشکیل دیدیا گیا

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں مثالی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے کڑا مانیٹرنگ میکنزم تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہر کی مختلف یونین کونسلوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مرکزی بازاروں، اہم شاہراہوں اور گنجان آباد علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا جبکہ موقع پر موجود شہریوں اور دکانداروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کو صاف، خوبصورت اور صحت مند بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کا معیار مزید بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے اور مرکزی بازاروں و اہم شاہراہوں سے گندگی فوری طور پر صاف کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کے لیے مناسب تعداد میں کنٹینرز اور ڈسٹ بن نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تاجر برادری اور سول سوسائٹی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے۔
ملتان سے مزید