• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس پی گلگشت کے آفس میں ہنگامہ آرائی، مدعی و الزام علیہ آمنے سامنے آ گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایس پی گلگشت کے آفس میں ہنگامہ آرائی، مدعی و الزام علیہ آمنے سامنے، ایس پی ریڈر روم میدانجنگ بن گیا، لین دین کے تنازع پر ایس پی گلگشت نے مذکورہ پارٹیوں کو دفتر بلا رکھا تھا، ایس پی کی عدم موجودگی پر بات چیت تلخ کلامی اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، ریڈر کی بروقت مداخلت سے بڑا حادثہ ٹل گیا، تفصیلات کے مطابق ایس پی گلگشت کے دفتر میں گزشتہ روزاس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی جب لین دین کے تنازع پر طلب کی گئی دو پارٹیز آپس میں گالم گلوچ اور ہاتھا پائی پر اتر آئیں،واقعہ ایس پی گلگشت کے آفس میں قائم ریڈر روم میں پیش آیا، جہاں مدعی اور الزام علیہ پارٹیوں کو معاملے کی سماعت کے لیے بلایا گیا تھا، ذرائع کے مطابق ایس پی گلگشت اس وقت دفتر میں موجود نہیں تھے، تاہم مقررہ وقت پر دونوں فریقین آفس پہنچ گئے،ایس پی کی عدم موجودگی میں دونوں پارٹیز ریڈر کے کمرے میں موجود رہیں، جہاں تلخ جملوں کے تبادلے نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور صورتحال ہاتھا پائی تک جا پہنچی،عینی شاہدین کے مطابق ایس پی گلگشت کے ریڈر نے نہایت سمجھداری، تدبر اور بہترین حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری مداخلت کی، فریقین کو الگ کیا اور اضافی نفری طلب کر کے معاملے کو مزید بگڑنے سے روک لیا، جس کے باعث ایک بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش آنے سے بچ گیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ الزام علیہ پارٹی میں شامل ایک شخص خاصا بااثر ہے، جس نے اس واقعہ کی فوری 15 کال بھی کی، ذرائع کے مطابق یہ شخص ماضی میں پولیس محکمے میں ملازمت کر چکا ہے۔ مذکورہ شخص کو مبینہ طور پر کرپشن کے الزامات پر ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وردی اتار کر بھی اس نے اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھا ہوا ہے۔
ملتان سے مزید