پشاور(ارشد عزیز ملک ) کوہستان کے چالیس ارب روپے کے میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ارب پتی بننے والے ڈمپر ڈرائیور ممتاز نے قومی خزانے میں چار ارب روپےسے زائد جمع کروانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس پر پشاور کی احتساب عدالت نے اس کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔بعض دیگر ملزمان نے بھی پلی بارگین کی درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔نیب حکام کے مطابق یہ رقم مجموعی سکینڈل کا ایک حصہ ہے جبکہ مزید رقوم کی ریکوری کا عمل جاری ہے۔نیب نے سکینڈل میں ملوث 36 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکھا ہے جبکہ 30 ارب کے اثاثے سیل اور اکاؤنٹس منجمد ہیں گزشتہ روز ملزم اور اور پلی بارکیننگ سے متعلق درخواست کی سماعت احتساب عدالتوں کے انتظامی جج ظفرخان نے کی ۔اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیورٹر جنرل نیب خیبر پختون خوا محمد علی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کوبتایا کہ ملزم ممتازکوہستان میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ہے ۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ اس ضمن میں نیب نے ملزم سے باقاعدہ تحقیقات کی اور اس کے اکاونٹ میں چار ارب روپے کی ٹرانزکشن سے متعلق ثبوت حاصل کرلئے تاہم اسی دوران ملزم نے نیب حکام کو ایک درخواست دی کہ وہ پلی بارگین کرنا چاہتا ہے لہذا اس کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی جائے۔