• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سروسز اکیڈمی، CTP افسران کی فوج کیساتھ تین ماہ کی ملٹری اٹیچمنٹ کا آغاز

لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) کے 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے پروبیشنری افسران نے ملک بھر میں پاکستان کی مسلح افواج کی مختلف فارمیشنز اور یونٹس کے ساتھ اپنی تین ماہ پر مشتمل ملٹری اٹیچمنٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جسے مستقبل کے سول افسران کی تربیت میں سول و عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ڈی جی پاکستان سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے کہا ہے کہ جامع اٹیچمنٹ جدید سکیورٹی و حکمرانی کے تقاضوں سے ہم آہنگ، مسلح افواج کیساتھ باہمی اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔ملٹری اٹیچمنٹ کامن ٹریننگ پروگرام کا ایک بنیادی جزو ہے جس کا مقصد پروبیشنری افسران کو عسکری نظم و ضبط، قیادت کے اصولوں، کمانڈ اسٹرکچر، آپریشنل تیاری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے سول و عسکری ہم آہنگی کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور مستقبل کے سول سرونٹس میں قیادت، برداشت اور باخبر فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران کامن ٹریننگ پروگرام میں ملٹری اٹیچمنٹ کی مدت میں نمایاں اتار چڑھاؤ رہا ہےجو کبھی تین ماہ تک اور کبھی صرف دو ہفتوں تک محدود رہی اور اس کا انحصار اس وقت کی تربیتی سوچ، انتظامی ترجیحات اور قومی ضروریات پر رہا۔
اہم خبریں سے مزید